وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے حیات آباد پشاور میں قائم کیے گئے جدید ذہنی امراض کے ہسپتال فاؤنٹین ہاؤس مینٹل ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز اور ہسپتال کا عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔محمد سہیل آفریدی نے منصوبے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے کیے گئے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انجینئرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور صرف سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب باقی ہے، جو جلد مکمل کر لی جائے گی۔ہسپتال کے عملے نے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور اس اہم منصوبے میں ان کی خصوصی دلچسپی کو سراہا۔اس موقع پر محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ایسے عوامی فلاحی منصوبے پاکستان تحریک انصاف کے سرپرستِ اعلیٰ عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایات کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں صحت، تعمیر و ترقی اور فلاحی شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔