صوبائی محکموں میں سالانہ ”امر بالمعروف” آگاہی پلان پر عملدرآمد اور پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی، لیبر، زکوٰۃ و عشر اور بین الصوبائی رابطہ کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ صوبائی انسپکشن ٹیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے اپنے محکموں میں امر بالمعروف پلان کے نفاذ کی موجودہ کارکردگی، سٹیئرنگ کمیٹیوں کی تشکیل اور تفویض کردہ ٹاسکس کی تکمیل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کیں۔ مشیر اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے شرکاء کو ہدایت کی کہ ہر محکمہ اپنے افعال اور خدمات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے موثر آگاہی پلان تیار کرے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سالانہ آگاہی امر بالمعروف پلان کی سٹیئرنگ کمیٹیوں کے سربراہ کم از کم گریڈ 19 کا آفسر ہونا چاہیے۔ نیز تمام محکموں کو کرپشن کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہئے۔