وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وژن کے مطابق صوبے کی خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کر کے انہیں بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خواتین کو ٹیکنالوجی، کاروبار اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کے میدان میں آگے لانا ایک ترقی یافتہ، جدید اور خود کفیل خیبرپختونخوا کی جانب اہم قدم ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (آئی ایم سائنسز) پشاور میں ”خیبرپختونخوا اپ اسکل: خواتین کے لیے ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتیں ” کے عنوان سے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت خواتین کو ڈیجیٹل انقلاب کا حصہ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت سائنس و ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ اور خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ذریعے ایسے تمام منصوبے شروع کر رہی ہے جن کے ذریعے خواتین کو تربیت دی جائے گی، ان کی کاروباری سوچ کو اجاگر کیا جائے گا اور انہیں جدید ڈیجیٹل مارکیٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں خواتین کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے وہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل بزنس میں مہارت حاصل کر کے باعزت روزگار حاصل کر سکیں گی۔ یہ اقدامات صرف انفرادی ترقی کے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کو فروغ دے کر خواتین کو معاشی میدان میں خود کفیل بنایا جائے گا، اور وہ خود اپنا کاروبار شروع کرنے کے قابل ہوں گی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے مزید کہا کہ ان تمام اقدامات سے ایک ایسے خیبرپختونخوا کی بنیاد رکھ رہے ہیں جو جدید، بااختیار، اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوگا، جہاں خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گی۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور آئی ایم سائنسز کے درمیان بہت جلد ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے تحت خواتین کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ تاکہ خواتین کو ہنر سکھا کر انہیں خودمختار بنایا جا سکے۔