اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا خالد محمود نے ضلع ملاکنڈ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈحامد الرحمٰن نے اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی ملاکنڈ آمد پر پُرتپاک استقبال کیا اور ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس ملاکنڈ کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ملاکنڈ، اکاؤنٹس آفیسر ڈی سی آفس، صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اکاؤنٹنٹ جنرل کو ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کی ذمہ داریوں، کارکردگی، ضلعی سطح پر مالیاتی امور، سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال، تنخواہوں و پنشن کی ادائیگی کے نظام اور جاری مالیاتی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ملاکنڈ نے اکاؤنٹنٹ جنرل کو ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اکاؤنٹس آفس کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور شفافیت، مالی نظم و ضبط، مؤثر جوابدہی اور جدید مالیاتی نظام کے فروغ پر زور دیا۔