خیبرپختونخوا میں فنی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم طفیل انجم نے شہدائے اے پی ایس یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، نوشہرہ میں دو نئی، جدید ترین سہولیات کا افتتاح کیا۔ نئی قابل تجدید توانائی کی لیبارٹری اور الیکٹریکل مشینوں کی لیبارٹری طلباء کو ان اہم شعبوں میں عملی تجربہ فراہم کرے گی۔معاون خصوصی طفیل انجم کا استقبال وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید بادشاہ اور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران خان نے کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کی مالیاتی صحت اور تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ان کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ موصوف نے ان اداروں کے لئے 2025-26 کے بجٹ کو منظور کرانے میں اپنے مکمل تعاون کا وعدہ بھی کیا ہے۔ آفس آف ریسرچ، انوویشن، اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے دورے سے انہیں جدید تحقیقی منصوبوں کو دیکھنے کا موقع ملا جبکہ انہوں نے یونیورسٹی کے فیکلٹی اور طلباء کی کامیابیوں کو سراہا۔