صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز کے مالی سال کارکردگی کا جائزہ اجلاس

خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمان کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز کے مالی سال 26-2025 کی ماہ جولائی ریکوری اور کارکردگی کا جائزہ اجلاس ڈائریکٹریٹ جنرل ایکسائز پشاور میں منعقد ہوا، جس میں خالد الیاس سیکرٹری محکمہ ایکسائز، عبدالحلیم خان ڈائریکٹر جنرل، شہریار قمر خٹک ڈائریکٹر ایڈمن، انجینئر ڈاکٹر عید بادشاہ ڈائریکٹر ساؤتھ ریجن، سید الآمین ڈائریکٹر پشاور ریجن، جاوید خلجی ڈائریکٹر رجسٹریشن، ارشاد اللہ آفریدی ڈائریکٹر ہزارہ ریجن، فضل غفور ڈائریکٹر ملاکنڈ ریجن، اور ضلعی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مالی سال 26-2025 کی ماہ جولائی کے محصولات، ریکوری اور مقررہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جو کہ جولائی کے مہینے کے مقررہ ہدف 62 کروڑ 50 لاکھ کے مقابلے میں 87 کروڑ 35 لاکھ (140فیصدریکوری) اور مقررہ ہدف سے 24 کروڑ 85 لاکھ روپے زیادہ ریکوری کی ہے۔ اس موقع پر وزیر ایکسائز کو تمام ضلعی ایکسائز دفاتر کے مقررہ اہداف اور محصولات کی وصولیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور محکمہ میں جاری مختلف انتظامی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات پر پیش رفت سے وزیر ایکسائز کو آگاہ کیا گیا جبکہ وزیر ایکسائز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکمہ ایکسائز کے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور کسی قسم کی شکایت کا موقع نا دینے کے ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں