وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ نوجوان اپنے قیمتی وقت کا بہترین استعمال یقینی بنائیں اور اسے بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کے لیے صرف کریں۔ وہ ہفتہ کے روز ہری پور میں حکیم عبدالسلام لائبریری میں منعقدہ میٹرکس سمٹ کانفرنس کے ساتویں ایڈیشن سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ہری پور طلال محمد، یوتھ سمٹ کے منتظمین، آئی ٹی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ زندگی میں ترقی کے سفر کے دوران رکاوٹیں آتی ہیں، لیکن یہ عارضی ہوتی ہیں۔ جو لوگ جہدِ مسلسل سے ان رکاوٹوں کو عبور کرتے ہیں وہ کامیابی کی بلندیوں کو چھوتے ہیں، جبکہ ہمت ہارنے والے پچھتاوے کا شکار رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت توانائی کی ایک قسم ہے، اور جو لوگ اس کی قدر کرتے ہیں دنیا ان کی عزت کرتی ہے۔ وقت کی اہمیت انسانی جسم میں خون کی مانند ہے، جیسے زندگی کے لیے خون ضروری ہے ویسے ہی ترقی کے لیے وقت کی قدر اور اس کا درست استعمال ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو وقت کی قدر سمجھنے کی صلاحیت دے کر اشرف المخلوقات کا درجہ عطا کیا اور اسی بنا پر اس پر ذمہ داریاں بھی عائد کیں۔ سورۃ العصر میں زمانے کی قسم کھا کر انسان کو خبردار کیا گیا ہے کہ وقت ضائع کرنے والے دنیا و آخرت میں نقصان اٹھاتے ہیں۔