خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس پیپر لیس، ڈیجیٹل گورننس کی سمت اہم پیشرفت

صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کی طرف ایک اہم اقدام کے طور پر صوبائی کابینہ اجلاسوں کو پیپر لیس بنادیا گیاہے ۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36 واں اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا، یہ صوبائی کابینہ کا پہلا پیپر لیس اجلاس تھا جس میں کوئی فائل اور کاغذ استعمال نہیں کیا گیا۔ پیپر لیس سسٹم کے تحت کابینہ اجلاس کا تمام ایجنڈا ڈیش بورڈ پر کابینہ اراکین کو فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ اجلاس کی تمام سمریاں بھی ڈیجیٹل سسٹم کے تحت پراسس کی گئیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پیپر لیس اجلاس شروع کرنے پر کابینہ اراکین کو مبارکباد دی اور اس منفرد اقدام کا اجراءیقینی بنانے پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیشکیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پیپر لیس اجلاس کے انعقاد سے فائلوں کا بوجھ ختم ہوگا ، ڈیجیٹل گورننس کو تقویت ملے گی اور نتیجتاً سرکاری اُمور کو شفاف ، موثر اور تیزرفتار انداز میں نمٹانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹیل خیبر پختونخوا بنانے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے، پیپر لیس کابینہ اجلاس کی شروعات بھی انہی کاوشوں کا تسلسل ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

مزید پڑھیں