اراکینِ اسمبلی کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اہم اجلاس

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی جناب بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اسپیکر چیمبر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی سی پی او پشاور، ڈی آئی جی اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر صوبائی اسمبلی، ایم پی اے ہاسٹل پشاور، اراکینِ صوبائی اسمبلی کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اراکینِ اسمبلی عوام کے لاکھوں ووٹرز کے نمائندے ہیں اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی حساس صورتحال میں عوامی نمائندوں کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔اسپیکر نے واضح ہدایت دی کہ صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ، ایم پی اے ہاسٹل میں تعینات نفری کی تعداد اور موثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اراکینِ اسمبلی کو فراہم کیے جانے والے پولیس گن مین کی تعیناتی اور ان کے ہمراہ رہنے کے حوالے سے جامع ایس او پیز مرتب کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے اسپیکر نے پارلیمانی اراکین، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، جو اراکینِ اسمبلی کی سیکیورٹی کے لیے ایک واضح اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرے گی تاکہ منتخب نمائندوں کو کسی ناگہانی خطرات سے موثر طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں