ایبٹ آباد میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سُرمَد سلیم اکرم نے اپنی موجودگی میں بچوں کو ویکسین اور پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال کے مطابق محکمہ صحت ایبٹ آباد کی نگرانی میں مہم کے دوران ضلع کی 53 یونین کونسلز میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے 1 لاکھ 77 ہزار 262 بچوں کو خسرہ اور روبیلا کے حفاظتی انجکشن جبکہ 1 لاکھ 78 ہزار 47 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مہم بچوں کے روشن، صحت مند اور محفوظ مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے 202 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 153 آؤٹ ریچ، 45 فکسڈ اور 4 موبائل ٹیمیں شامل ہیں، جو ضلع کے ہر گاؤں، محلے اور پہاڑی علاقوں تک رسائی یقینی بنائیں گی۔ یہ ٹیمیں روزانہ اپنی کارکردگی کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو پیش کریں گی تاکہ مہم کی نگرانی مؤثر اور شفاف رہے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سُرمَد سلیم اکرم نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی یہ مہم بچوں کی صحت اور مستقبل کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں یا ہچکچاہٹ سے دور رہیں اور اپنے بچوں کو لازمی ویکسین لگوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں اور دور دراز و پہاڑی علاقوں میں بھی بھرپور کوریج فراہم کی جائے گی تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔آخر میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت ایبٹ آباد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کی اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں تاکہ ایبٹ آباد کو بیماریوں سے پاک، صحت مند اور محفوظ ضلع بنایا جا سکے
