ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمَد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمَد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں سول و عسکری اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، آرمی، انٹیلیجنس، پولیس، نادرا اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، حکومتی ہدایات پر عمل درآمد اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں منشیات اسمگلنگ اور منشیات رسانی کے مکمل خاتمے، غیر رجسٹرڈ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن، غیر لائسنس یافتہ کرشنگ پلانٹس اور غیر قانونی مائننگ کے خلاف سخت کارروائی، جبکہ پٹرول پمپس اور ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں لاؤڈ اسپیکرز کے غلط استعمال کی روک تھام، شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، نفرت انگیز تقاریر کے خلاف سخت کارروائی، مدارس کی رجسٹریشن، غیر قانونی اسلحے کے خاتمے، غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی کے پلان اور موٹرسائیکلوں کے کمرشل استعمال و ناجائز سرگرمیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی سمز کے استعمال اور ان کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر سُرمَد سلیم اکرم نے کہا کہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے آئندہ اجلاس میں اپنی پیش رفت رپورٹس پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں