ایبٹ آباد () ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادد سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد

ایبٹ آباد () ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادد سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کو محکمہ صحت کی جانب سے انسدادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جنرل، ڈی ایچ او، ایم ایس ڈی ایچ کیو، ٹی ایم اوز، محکمہ تعلیم، زراعت، لوکل گورنمنٹ، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ضلعی محکمہ صحت ایبٹ آباد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر ڈینگی کی روک تھام کے لیے انسدادی کارروائیوں، سرویلنس اور آگاہی مہم میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اکتوبر 2025 تک ضلع بھر میں ڈینگی کے 136 کیسز رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ سال 2024 کے 251 کیسز کے مقابلے میں نمایاں کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں سلہڈ، کھوکھر میرا، مسلم آباد، حویلیاں اربن، لنگرہ، کیہال اور ملکپورہ شامل ہیں، جہاں محکمہ صحت کی ٹیمیں ضلعی میڈیکل اینٹومالوجسٹ کی نگرانی میں متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات پر ہاٹ سپاٹ علاقوں میں مفت ڈینگی اسکریننگ کیمپس کا انعقاد کیا گیا، 6,834 مچھر دانیاں مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئیں، فومیگیشن اور انڈور اسپرے آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ایبٹ آباد میں مفت ڈینگی ٹیسٹنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اسکولز، مدارس، ریڈیو اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہمات کا بھی تسلسل برقرار ہے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے اپنی استعداد کار میں اضافہ کریں اور ڈینگی کنٹرول کے لیے مربوط اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں، پبلک مقامات، پارکس، ٹائر شاپس، ورکشاپس اور دیگر جگہوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور فوگ اسپرے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ایبٹ آباد سے ڈینگی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔آخر میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، گھروں اور گلیوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، اور کسی بھی مشتبہ ڈینگی کیس کی فوری اطلاع قریبی ہیلتھ سینٹر کو دیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں

مزید پڑھیں