تحریر: ڈاکٹر انجینئر اطہر سوری
ہوائی فائرنگ ایک ایسا ناسور ہے جو خوشی کے لمحات کو پل بھر میں ماتم میں بدل دیتا ہے۔ اس فعل کو محض ایک روایت یا شوق سمجھنا دراصل انسانی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ بندوق سے نکلنے والی گولی جب فضا سے کششِ ثقل کے باعث واپس زمین کا رخ کرتی ہے، تو وہ کسی بھی معصوم کی زندگی کا چراغ گل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔
اب جبکہ عید کی آمد آمد ہے، انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسلحہ نما کھلونوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کرے اور ان کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ یہی کھلونے بچوں کے ذہنوں میں بچپن ہی سے ہوائی فائرنگ ،اسلحے کا شوق اور پرتشدد رجحانات کا بیج بوتے ہیں، جو آگے چل کر معاشرے کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔
بچوں میں اس زہریلے شوق کی دوسری بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ جب وہ اپنے بڑوں کو خوشی کے مواقع پر فخر کے ساتھ اسلحہ لہراتے دیکھتے ہیں، تو ان کے کچے ذہنوں میں یہ تاثر پختہ ہو جاتا ہے کہ طاقت کا اصل اظہار اسی میں ہے۔ جب ایک بچہ دیکھتا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو محفل میں “بہادر” تسلیم کیا جا رہا ہے، تو وہ لاشعوری طور پر اسی غلط اور خطرناک راستے کا انتخاب کر لیتا ہے۔
اس ناسور سے جان چھڑانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر پولیس فورس کی نگرانی میں علاقے کے معززین اور مشران پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، جو مقامی سطح پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ تعلیمی اداروں اور علمائے کرام کا کردار اس ضمن میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اسکولوں میں بچوں کو اسلحے کے مہلک نقصانات سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ شعوری طور پر اس سے نفرت کریں۔ مساجد کے منبر سے یہ پیغام عام ہونا چاہیے کہ دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنا اخلاقی اور مذہبی طور پر ایک سنگین جرم ہے اور اس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ریاست کو بھی اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے قانون کی گرفت کو سخت کرنا ہوگا۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی، بھاری جرمانے اور اسلحہ لائسنس کی فوری منسوخی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پولیس کی بروقت کارروائی، مشران کی کمیٹیاں اور عوامی بیداری ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہم اپنی نسلوں کو اس خونی کھیل سے محفوظ رکھ سکتے ہیں
آخر میں یہ بتاتا چلوں کہ “خوشی بانٹنے کا نام ہے، چھیننے کا نہیں”۔ ہمیں مل کر ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھنی ہے جہاں عید پر آسمان سے گولیاں نہیں بلکہ امن و سلامتی کی دعائیں نازل ہوں۔
۔
