گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت محکمہ زراعت سے متعلق عوامی شکایات، مسائل اور تجاویز کے مؤثر ازالے کے لیے منگل کے روز پشاور میں آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سیکرٹری محکمہ زراعت خیبر پختونخوا ڈاکٹر امبر علی خان نے کی۔ کھلی کچہری میں سپشل
سیکرٹری زراعت اورایڈیشنل سیکرٹری زراعت سمیت محکمہ زراعت کی مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرل اوردیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف اضلاع سے کسانوں اور شہریوں نے زرعی سہولیات، بیج ا ور کھاد کی فراہمی، آبپاشی، فصلوں کی پیداوار، زرعی توسیعی،خدمات اور دیگر اہم امور سے متعلق اپنی شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا جبکہ براہ راست اپنی تجاویز و آراء بھی پیش کیں۔سیکرٹری زراعت ڈاکٹر امبر علی خان نے کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل نہایت توجہ سے سنے اور ان کے فوری و مؤثر حل کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بعض شکایات کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت عوامی خدمت، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام اور کسانوں کو براہ راست اپنی آواز حکام تک پہنچانے کا موقع فراہم کرنا اور مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کرنا ہے۔ سیکر ٹری زراعت نے کہا کہ زرعی مشینری، کھاد اور کاشتکاری کی دیگر سہولیات صوبے کے دور دراز پہاڑی علاقوں تک پہنچانے کے لئے بھی محکمہ زراعت بھر پور اقدامات اٹھا رہا ہے اسی طرح زرعی زمینوں کی آبپاشی کے لئے بھی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور جس اراضی کا نظام آبپاشی محکمہ زراعت کے تحت حل ہو رہا ہے تو اس کے لئے محکمہ خود اقدامات اٹھائے گا اور جو محکمہ زراعت کے زمرے میں نہیں آتا اسے محکمہ آبپاشی کے ساتھ روابط کے ذریعے حل کیا جائے گا۔انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ ماڈل فارم سروسز میں اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں تاکہ وہ محکمہ زراعت کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی فلاح و بہبود، زرعی شعبے کی ترقی اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اس طرح کی کھلی کچہریوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔
