
مشیر برائے اوقاف ، مذہبی و اقلیتی امور ، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ چین کی غیر معمولی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی پاکستان کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ پاکستان کو چین کے ترقیاتی ماڈل اور کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور اپنے ملکی حالات، ضروریات اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس دوران انہوں نے مرکز کی مختلف گیلریوں کا تفصیلی معائنہ کیا، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور فرینڈشپ وال پر دستخط کرتے ہوئے پاک چین دوستی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مولانا محمد طیب قریشی نے چائنہ ونڈو کو ایک شاندار اور متاثر کن ثقافتی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں چین کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، ترقی اور پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو نہایت خوبصورتی اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی مراکز دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور دوستی کے رشتوں کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مولانا طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین دوستی کے اس عظیم رشتے کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ نوجوان نسل دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات، مشترکہ مفادات اور باہمی تعاون کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہو سکے۔ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، زراعت، صنعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون پاکستان کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔مولانا طیب قریشی نے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور میں قائم یہ ثقافتی مرکز پاک چین دوستی کی ایک خوبصورت اور روشن علامت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چائنہ ونڈو مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، عوامی سطح پر دوستی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے چائنہ ونڈو کی مزید کامیابیوں اور پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
