کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے معاوضہ شدہ مکانات کے انہدام پر اہم اجلاس

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت مکمل معاوضہ شدہ مکانات کے انہدام کی پیش رفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق خان اور جنرل منیجر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیمولیشن کے دوران بعض مقامات پر مزاحمت اور تکنیکی نوعیت کے مسائل سامنے آئے ہیں۔ تاہم متعلقہ اداروں نے یقین دہانی کرائی کہ انہدام کا عمل طے شدہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔کمشنر ہزارہ نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور رکاوٹوں کے فوری حل کے لیے ایک کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر، ڈائریکٹر جنرل سوشل سیف گارڈ داسو پراجیکٹ، اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا نامزد نمائندہ شامل ہوگا، جو موقع پر درپیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائے گی۔فیاض علی شاہ نے ہدایت جاری کی کہ ڈپٹی کمشنر ہر تین روز بعد انہدامی کام سے متعلق پیش رفت رپورٹ ارسال کریں، جبکہ کمشنر آفس ہفتہ وار رپورٹ مرتب کرکے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کرے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ جن ڈھانچوں اور زمینوں کا مکمل معاوضہ ادا ہو چکا ہے انہیں فوری طور پر منہدم کیا جائے، اور کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ کوہستان میں جاری دونوں بڑے منصوبے قومی اہمیت کے حامل ہیں، جن کی بروقت تکمیل نہ صرف آنے والی نسلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گی

مزید پڑھیں