دوسری چترال ایکسپو اور اکنامک ڈویلپمنٹ کانفرنس 2025” کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی جس کا مقصد خطے میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو اجاگر کرنا اور فروغ دینا تھا۔ دو روزہ کانفرنس کی تقریب لوئر چترال کی ایک مقامی ہوٹل میں 25 اور 26 اکتوبر کو خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (KP-BOIT) کے زیر اہتمام، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CCCI) کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوئی۔کانفرنس اور نمائش کا مقصد چترال اور خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع میں تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات کو اُجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف سرکاری محکموں، سرمایہ کاروں، کاروباری رہنماؤں، مالیاتی اداروں، ماہرینِ معیشت اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔چترال اور پشاور سے تعلق رکھنے والے نمائش کنندگان نے سیاحت، زراعت، دستکاری، خوراک، معدنیات اور سروسز کے شعبوں سے متعلق مصنوعات کی نمائش کی جس سے ان کے فروغ اور مارکیٹنگ کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم ہوا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور سیاحت، توانائی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں بے پناہ مواقع رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔ڈائریکٹر بزنس فسیلیٹیشن خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اقبال سرور نے اپنی پریزنٹیشن میں کہا کہ صوبائی حکومت شمالی اضلاع کی ترقی کے لیے سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال اکنامک ڈویلپمنٹ کانفرنس سرمایہ کاروں کو خطے کی معاشی استعداد سے روشناس کرانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔صدر چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محبوب اعظم نے اپنےخطاب میں چترال کی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔دیگر کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے بھی کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی اس کاوش کو سراہا کہ اس نے مختلف شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا تاکہ تجربات کا تبادلہ اور کاروباری روابط کو مضبوط بنایا جا سکے۔
