چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی تمام اضلاع میں اوپن ڈور پالیسی نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دینا اور عوام کو اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے بغیر کسی رکاوٹ یا تاخیر کے آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ گڈ گورننس کی شروعات عوام کے بنیادی مسائل کے بروقت حل سے ہوتی ہے۔ صوبائی انتظامیہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ شفاف، قابلِ رسائی اور عوام دوست طرزِ حکمرانی ہی مؤثر سروس ڈیلیوری کی بنیاد ہے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ مخصوص اوقات عوام سے ملاقات کے لیے مختص کریں، تاکہ شہری اپنے مسائل براہِ راست انتظامیہ کے سامنے رکھ سکیں اور ان کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت، شفافیت اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
