چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس کا انعقاد، اضلاع اور محکموں کی کارکردگی کی تعریف

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے پیر کے روز صوبے میں سروس ڈیلیوری اور اہم حکومتی اصلاحات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے انتظامی سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں ضلعی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ کارکردگی کے اشاریوں کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ کو بہترین کارکردگی پر سرفہرست قرار دیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ فیاض شیرپاؤ دوسرے نمبر پر رہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم اور ڈپٹی کمشنر لکی مروت حمیداللہ کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔ اسی طرح ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سہیل خان کی مؤثر نگرانی اور کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے گڈ گورننس روڈ میپ پر نمایاں کردار ادا کرنے والے محکموں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظفر الاسلام، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد خالد، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن اور سیکرٹری زراعت عنبر علی خان کو اصلاحاتی اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تمام اعزاز حاصل کرنے والوں کو تعریفی اسناد کے ساتھ بہترین کارکردگی والے آفیسرز کو اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 24 انسداد تجاوزات آپریشنز کیے گئے۔ شہری انتظام بہتر بنانے کے لیے نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے بھر میں پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں کے کنٹرول کے لیے بروقت انتظامات یقینی بنائیں۔اجلاس میں آؤٹ سورسنگ سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ 500 سرکاری سکولوں کے لئے 15 فروری تک معاہدے ترتیب پانے کا امکان ہے، جبکہ 72 میں سے 34 ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ضروری تقاضے مکمل کئے جاچکے ہیں اور 26 فروری تک ان کی اؤٹ سورسنگ ممکن ہوگی۔ آوٹ سورسنگ کا مقصد ان سکولوں اور ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا گیا کہ پشاور بس ٹرمینل منصوبہ تکمیل کے قریب ہے اور جلد افتتاح کیا جائے گا، جس سے صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک مسائل میں کمی اور شہری ٹرانسپورٹ سروس میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔صوبائی کیش لیس ایکشن پلان کے تحت فروری میں 84 عوامی خدمات کو ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جن میں سے 73 مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحتی مقامات پر صفائی اور ماحولیاتی معیار بہتر بنانے کے لیے 478 ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں سیوریج اور صفائی کے انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے اصلاحاتی عمل کی رفتار برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے تمام محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی خدمات، شفافیت اور عوام دوست طرزِ گورننس پر توجہ جاری رکھی جائے۔

مزید پڑھیں