صوبائی ونٹر کنٹنجنسی پلان سے متعلق اجلاس، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے پلان کا جائزہ لیا

موسم سرما میں ممکنہ موسمی حالات کے پیشِ نظر خطرات سے نمٹنے کے لئے صوبائی ونٹر کنٹنجنسی پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کی۔اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز، سیکرٹری ریلیف، سیکرٹری زراعت اور دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں متعلقہ محکموں اور اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے سردیوں میں ممکنہ موسمی سختیوں سے جڑے مسائل سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو ونٹر کنٹنجنسی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں وسائل کی دستیابی، انتظامی و لاجسٹک انتظامات اور برف باری، سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش جیسے مسائل سے نمٹنے کے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سردیوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی، محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ سخت موسمی حالات کے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور مشینری، ایندھن اور ریلیف سامان کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں