چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کے گڈ گورننس اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سیاحت اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہصوبائی حکومت گڈ گورننس روڈمیپ کے اہداف کے تحت پائیدار سیاحت کو فروغ دینے اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ محکمہ سیاحت کے 16 گڈ گورننس اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔مقامی معیشت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے گلیات، کاغان، ناران اور کمراٹ کی ماسٹر پلاننگ پر کام جاری ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کے عمل کو جدید اور ماحول دوست بنانے کے لئے 2.5 ارب روپے کی لاگت سے تمام سیاحتی مقامات کی صفائی ستھرائی کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ ثقافتی ورثے کے حامل سات مقامات پر آڈیو گائیڈ کی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے جبکہ معاشی ترقی کیلئے سیاحتی منصوبوں میں عوامی شراکت داری کیلئے لائحہ عمل بھی تشکیل دیا جارہا ہے۔
