چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت صحت کے شعبے میں گڈ گورننس روڈمیپ پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر گڈ گورننس روڈمیپ کے تحت صوبے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس سلسلے میں میڈیکل آفیسرز، نرسز اور ڈینٹل سرجنز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تقریباً 2500 طبی عملے کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ بھرتی کیے جانے والے عملے میں 1425 ڈاکٹرز، 250 ڈینٹل سرجنز اور 764 نرسز شامل ہیں۔ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ڈویژنل سطح پر ایک سے زائد انٹرویو پینلز تشکیل دیے گئے ہیں تاکہ کم وقت میں ڈویژنل سطح پر ہی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ امیدواروں کی سہولت کیلئے ورچوئل انٹرویوز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جبکہ درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے، جس کے بعد باقاعدہ انٹرویوز کا انعقاد کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے ہدایت کی کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کنٹریکٹ پر بھرتیوں کا عمل رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہ کہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور گڈ گورننس روڈمیپ کے تحت عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی سب سے اہم ہدف ہے۔
