چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت اجلاس, پشاور اپلفٹ پروجکٹ، توانائی،سیاحت اور انتظامی اقدامات کا جائزہ

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت گورننس امور کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی ہدایات پر عوامی خدمت، شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ سرکاری زمینوں پر قائم 1335 غیر قانونی اسٹرکچرز کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں سے اب تک 818 تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں جبکہ باقی کے خلاف کارروائی جاری ہے۔اجلاس میں دارالحکومت پشاور کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ کی بحالی اور خوبصورتی کے کام تیزی سے جاری ہیں، جبکہ پشاور رنگ روڈ مسنگ لنک اور نیو جنرل بس اسٹینڈ کے منصوبے بھی تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔توانائی کے شعبے سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے داسو ٹرانسمیشن لائن منصوبے پر عملدرآمد کو تیز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے، معاشی ترقی کے فروغ اور سستی بجلی کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔سیاحتی مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو قواعد و ضوابط پر ڈھالا جارہا ہے۔ 535 ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں سے 474 نے اپنے سیوریج سسٹم کو بہتر بنا لیا ہے جبکہ باقی کو بھی مقررہ وقت میں اصلاحات کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحتی مقامات پر لینڈ یوز اور ماسٹر پلاننگ پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں پشاور کیلئے جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ شہر میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے کیش لیس نظام، ای رجسٹری اور دیگر ڈیجیٹل اقدامات سے شفافیت کو فروغ ملے گا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ قیمتوں کے تعین اور نگرانی کیلئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے اور بازاروں میں چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف صوبائی حکومت نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، شفاف طرزِ حکمرانی اور قانون کی عملداری کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔

مزید پڑھیں