صوبائی حکومت محکمہ جاتی اصلاحات، موثر گورننس اور ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے سروس ڈلیوری کے نظام کی بہتری کیلئے کوشاں ہے, چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پشاور میں بیوٹیفکیشن اور بحالی کے منصوبے کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے لئے تجاوزات کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ چیف سیکرٹری نے محکموں کو آپس میں باہمی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی کے تدارک کیلئے چینی اور آٹے کی مارکیٹ میں سپلائی اور ڈیلرز کے سٹاک کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں خسرہ و روبیلا سے بچاو کی ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔ اسی طرح پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی قائم کرنے کے لئے کمیٹی دو مہینے میں قانون سازی کرے گی۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں میں عوامی شراکت داری اورالیکٹرک وہیکل رکشہ کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جارہا ہے۔چہرہ شناس حاضری نظام کو پورے صوبے میں متعارف کرایا جارہا ہے جبکہ لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز اور تعمیرات کی شکایات کیلئے دو ہفتے میں پورٹل کا اجراء کردے گی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 دسمبر تک سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن کے منصوبے ای آفس کو تمام ڈائریکٹوریٹس اور ذیلی دفاتر تک توسیع دے دی جائے گی۔

مزید پڑھیں