چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمو ں کے سیکرٹریز اور افسران نے شرکت کی،جبکہ ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے حکومت خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس اقدامات جاری ہیں۔ صوبائی حکومت کی ہدایات پر صوبے بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کاروائیوں میں اب تک 1289 کنال اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔ دارالحکومت پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی اور خوبصورتی کیلئے فلائی اوورز کی بہتری، لائٹس کی تنصیب، کرب سٹونز کی تبدیلی، گرین بیلٹس کی بحالی، پیڈیسٹرین برجز کی خوبصورتی پر کام جاری ہے جبکہ سیاحت کی ترقی کے لئے اقدامات کے ساتھ 10 بی آر ٹی فیڈر بسز اور 7 بی آر ٹی اسٹیشنز کی تزئین و آرائش بھی کی جارہی ہے۔ اسی طرح سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے قیام کے لیے قانون سازی اور ماحول دوست ای وی رکشہ متعارف کرانے پر پیشرفت ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میں مربوط شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں 20 اضلاع کی ماسٹر پلاننگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اہم سیاحتی مقامات گلیات، کاغان، ناران، بٹہ کنڈی، بحرین، مدین، منکیال، کالام، مہوڈند اور کمراٹ کی ماسٹر پلاننگ بھی جاری ہے۔اس کے علاوہ دوسرے مرحلے میں مزید 12 اضلاع کی ماسٹر پلاننگ پر بھی کام جاری ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں خسرہ و روبیلا سے بچاو کی قومی ویکسینیشن مہم کامیابی کیساتھ مکمل کرلی گئی ہے۔
