چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس امور سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے حکومت خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے 12 سے 18 جنوری کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 41 کاروائیاں ہوئیں جن کے نتیجے میں 188 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔اجلاس میں محکمہ خوراک کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری کو صوبائی دارالحکومت پشاور کی خوبصورتی اور بحالی سے متعلق جاری منصوبوں پر بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کی بحالی کے منصوبوں پر بڑی حد تک پیشرفت کرلی گئی ہے جبکہ مین جی ٹی روڈ، جمرود روڈ اور رنگ روڈ پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ پشاور رنگ روڈ کے ناردرن سیکشن میں مسنگ لنک کے دو پیکجز پر کام تکمیل کے قریب ہے۔اجلاس میں سیاحتی مقامات پر ماحول دوست اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف سیاحتی علاقوں میں 477 ہوٹلوں نے اب تک سیوریج کے نظام کو درست کر لیا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
