حساس شجرکاری مہم: خیبرپختونخوا میں 2 کروڑ 8 لاکھ پودے لگانے کا ہدف* عید کے تیسرے روز اور 23مارچ کی مناسبت سے دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے، خصوصی انتظامات مکمل

خیبرپختونخوا حکومت نے بہار 2026 کے دوران احساس شجرکاری مہم کے تحت صوبے بھر میں 2 کروڑ 8 لاکھ (20.8 ملین) پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ اقدام سابق وزیرِاعظم عمران خان کے سرسبز پاکستان وژن کے تسلسل میں اٹھایا جا رہا ہے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق مجموعی ہدف میں سے 55 لاکھ (5.5 ملین) پودے صوبے کے مختلف مقامات پر لگائے جائیں گے، جبکہ 1 کروڑ 53 لاکھ (15.3 ملین) پودے کسانوں، سول سوسائٹی، سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور تعلیمی اداروں کو مفت فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دیا جا سکے۔
رواں سال کی شجرکاری مہم کی ایک منفرد خصوصیت یومِ پاکستان، 23 مارچ 2026 کے موقع پر ایک دن میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف ہے۔ اس دن محکمہ جنگلات کی جانب سے 9 لاکھ 82 ہزار 417 پودے جبکہ تعلیمی اداروں اور سرکاری تنظیموں کی جانب سے 92 ہزار 732 پودے لگائے جائیں گے۔
حکام کے مطابق شجرکاری مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے لگائے گئے پودے کی تصویر اپ لوڈ کرکے اس مہم میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کی تصویر ایپ کے ذریعے شیئر کرکے سرسبز و شاداب خیبرپختونخوا کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ج) اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر یومِ پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر صوبے میں ایک ہی دن میں دس لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسی وژن کے تحت صوبے کے جنگلاتی رقبے میں نمایاں اور پائیدار اضافہ کیا جائے گا۔ سیکرٹری محکمہ جنگلات نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع کو سرکاری نرسریوں سے پودوں کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے،صبح سے باضابطہ آغاز کرتے ہوئے آخری پودا لگانے تک شجر کاری مہم جاری رہے گی، ریکارڈ شجر کاری مہم کی نگرانی کے لیے خصوصی سافٹ ویئر اور مرکزی کنٹرول سینٹر قائم کیاگیا ہے،شجر کاری کے تمام مراحل موبائل تصاویر اور لائیو ویڈیو کے ذریعے مرکزی کنٹرول روم کے ڈیش بورڈ پر مانیٹر ہوں گے،تمام سرکاری ادارے، تعلیمی ادارے، کمیونٹیز، سول سوسائٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شجر کاری مہم میں شریک ہوں گے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے عوام کے نام اپیل میں کہا کہ عوام بھی اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں، سر سبز خیبر پختونخوا اور مضبوط پاکستان کے عزم کے ساتھ یہ مہم شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ و دہشت گردی کے ماحول میں بھی صوبہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے احساس شجرکاری کے ذریعے مثبت ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے، اس مہم کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو 14 اگست کوبھی 14 لاکھ پودے لگانے کے ہدف کے لیے پوری منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں