چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران جاری عوامی ریلیف اقدامات، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، شجرکاری مہم، لینڈ یوز پالیسی پر عملدرآمد اور سرکاری خدمات کی ڈیجیٹائزیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے رمضان المبارک میں عوامی ریلیف اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ چیف سیکرٹری آفس کے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کی جانب سے ایک خصوصی لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے رمضان اقدامات کی مؤثر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ یہ ڈیش بورڈ موقع پر ہی فیصلہ سازی کی سہولت فراہم کر رہا ہے جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فوری کارروائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔یکم رمضان المبارک سے اب تک صوبہ بھر میں ایک لاکھ سے زائد کاروباری و اشیائے ضروریہ کے یونٹس کی انسپیکشن کی جا چکی ہے، جن میں سے 29 ہزار مقامات پر قانون کی خلاف ورزی پائی گئی۔ خلاف ورزیوں پر ذمہ داران کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد کیسز میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران روزمرہ کی بنیاد پر ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی شجرکاری مہم بھی بھرپور انداز میں جاری ہے اور تمام ضلعی انتظامیہ کو اہداف کے حصول اور شفاف عملدرآمد کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔چیف سیکرٹری کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اہم ترین منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈنگ فراہم کی جا رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ جو منصوبے تکمیل کے قریب ہیں، ان پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات میسر آ سکیں۔پشاور اپلفٹ منصوبوں کو ترجیحات کی بنیاد پر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں رنگ روڈ پر انڈر پاسز کی تعمیر، 34 پارکس کی اپ لفٹنگ، شہر کی 35 اہم سڑکوں کی بحالی و اپ گریڈیشن، رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر روڈ فرنیچر کی بہتری سمیت دیگر شہری ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبے میں لینڈ یوز پلان اور ماسٹر پلانز کو مدنظر رکھتے ہوئے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے عمارتوں کے نقشوں کی منظوری دی جا رہی ہے، جس میں شہری منصوبہ بندی، ٹریفک مینجمنٹ اور ماحولیاتی تقاضوں کو مکمل طور پر پیش نظر رکھا جا رہا ہے۔ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون تک 170 سرکاری خدمات کو کیش لیس ایکشن پلان کے تحت آئی ٹی بورڈ کے ذریعے ڈیجیٹائز کر دیا جائے گا، جس سے شفافیت، سہولت اور گڈ گورننس کو فروغ ملے گا۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات، شجرکاری اور ڈیجیٹائزیشن کے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر طرز حکمرانی کے ثمرات میسر آ سکیں۔
