خیبر پختونخوا میں ریلوے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تحقیق، تربیت و جدت کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا اور پاک آسٹریا فاخشولے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور کے حکام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔یہ ایم او یو پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ کے سینٹر آف ایکسی لینس اِن ٹرانسپورٹیشن / ریلوے انجینئرنگ کے ساتھ منگل کے روز چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی موجودگی میں طے پایا۔ایم او یو کے تحت دونوں ادارے انسانی وسائل کی تربیت، تحقیقی سرگرمیوں، مہارتوں کے فروغ اور شہری آمدورفت و ریلوے کے شعبے میں تکنیکی معاونت کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اس شراکت داری کے ذریعے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران ریلوے سسٹمز انجینئرنگ اور ٹرانسپورٹیشن سسٹمز انجینئرنگ میں خصوصی ایم ایس پروگرامز کے علاوہ قلیل مدتی پیشہ ورانہ اور آئی ٹی تربیتی کورسز بھی کر سکیں گے۔معاہدے میں مشترکہ تحقیقی منصوبے، پالیسی معاونت، ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل پر مطالعاتی و عملی مشقیں، اور مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے مشاورتی خدمات بھی شامل ہیں، جن میں صوبے میں مضافاتی اور مسافر ریل منصوبوں کی ابتدائی فزیبلٹی اسٹڈیز شامل ہوں گی۔پانچ سالہ مدت کے لیے طے پانے والا یہ ایم او یو صوبائی حکومت کے جدید، پائیدار اور تحقیق پر مبنی ٹرانسپورٹ نظام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کے ذریعے تعلیمی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے پالیسی سازی اور بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی کو مضبوط بنایا جائے گا۔
