صوبائی حکومت کے گورننس روڈمیپ کے تحت تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات جاری ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے گڈ گورننس روڈمیپ اقدامات پر جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں سیکرٹری تعلیم سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں جاری تعلیمی اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے تمام اہداف آن ٹریک ہیں۔ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کی رپورٹ کیمطابق اکتوبر میں سکولوں میں اساتذہ کی 90 فیصد حاضری یقینی بنائی گئی۔طلباء کی ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے اضلاع کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے جاری جبکہ اگلے مرحلے میں صوبائی سطح پر مقابلے ہوں گے۔ جن پرائمری سکولوں میں کمرے کم اور بچے زیادہ ہیں ان سکولوں میں ایک ہزار اضافی کمرے بنائے جارہے ہیں۔ پی ٹی سی کے ذریعے سکولوں میں 10 ہزار اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے۔ سکولوں کی آوٹ سورسنگ پر روڈ شو کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں تعلیم کے شعبہ سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔ ٹیلی تعلیم کے فیز 2 میں تعلیمی ہب بنایا جارہا ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے اساتذہ آوٹ آف سکول بچوں اور اساتذہ کی کمی والے سکولوں میں آن لائن کلاسز لیں گے۔ جن سکولوں میں اساتذہ کی کارکردگی کمزور ہے وہاں بھی آن لائن کلاسز کے ذریعے بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔ معاشرے کی ترقی میں معیاری تعلیمی نظام کا اہم کردار ہے جس پر حکومت خیبرپختونخوا مسلسل کام کررہی ہے۔

مزید پڑھیں