چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت گورننس امور کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت گورننس امور کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ انتظامی سیکریٹریز و دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں پشاور اپلفٹ، کیش کی بجائے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، سیاحتی مقامات کی ماسٹر پلاننگ اور عوامی خدمات میں بہتری کے لئے ترتیب دئے گئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ عوامی مرکزیت پر مبنی طرز حکمرانی کو فروغ دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی ہدایات پر دارالحکومت پشاور میں بیوٹیفکیشن، اپلفٹ اور بحالی پر چھ ماہ کے جامع پلان کے تحت کام جاری ہے۔پشاور میں 32 سڑکوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے جس میں مین جی ٹی روڈ کی کارپٹنگ بھی شامل ہے۔ماحول دوست حکمت عملی کے تحت شہر میں موجود رکشوں کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی قائم کرنے کے لئے قانون سازی اس ماہ مکمل کرلی جائے گی۔ اجلاس کو عوامی خدمات سے متعلق مختلف مالی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم میں منتقل کرتے ہوئے اس کو عوام کے لئے سہل بنانے پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس حوالے سے اہم پیشرفت حاصل کی گئی ہے اور دسمبر کے آخر تک 33 سروسز کو کیش لیس(ڈیجیٹائز) کردیا جائے گا۔ اسی طرح صوبے میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لئے اگلے سیاحتی سیزن سے پہلے سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے سیوریج کے نظام کی بہتری سمیت ماسٹر پلاننگ اور لینڈ یوز پلاننگ کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لئے سرکاری سہولیات جیسے پناہ گاہوں، سروس ڈلیوری سنٹرز، ہسپتالوں کی لائیو مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں تاکہ عوامی خدمات کے ان مراکز میں سہولیات کے معیار کے جائزے کے لئے ان کی نگرانی یقینی بنائی جاسکے۔

مزید پڑھیں