خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ خیبرپختونخوا تعلیمی بورڈ کے پیپرز اور جائزہ آئی بی سی سی کے ذریعے کرنے کی سمری فوری طور پر واپس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی تعلیمی بورڈز، طلباء و طالبات اور صوبائی حکومت پر کسی قسم کا کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ اور پرچوں کی پرنٹنگ، ای مارکنگ اور انسر بکس کی تیاری سمیت دیگر تمام مٹیریل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھیجی گئی سمری صرف ایک پروپوزل تھی کوئی منظوری نہیں ہوئی اس لئے فوری طور پر واپس منگوائی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن محمد خالد خان، سپیشل سیکرٹریز عبدالباسط، مسعود خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ بورڈز کے اختیارات اور امتحانی نظام ہر صورت صوبے کے پاس رہے گا اور ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا جس سے عوام اور طلباء و طالبات متاثر ہوں۔
