گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے محکمہ اعلی تعلیم کے زیر اہتمام سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور میں چیمبر اور صوبے کی جامعات کے دفاتر برائے تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن (اوریکس) کے ڈائریکٹرز کے مشترکہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں سپیشل سیکریٹری اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز فضل حسین، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر افسران، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک عمران اسحاق، سینئر نائب صدر نعیم الرحمن، نائب صدر خالد پرویز اعوان، گورننگ باڈی کے اراکین، صنعتکاروں اور صوبے کی جامعات کے ڈائریکٹرز اوریکس نے شرکت کی۔محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا اقدام تھا جس کا مقصد جامعات میں صنعتی ضروریات کے مطابق تحقیقی سرگرمیوں کا فروغ، تحقیق کو تجارتی و صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور جامعات و صنعتوں کے مابین مؤثر روابط کا قیام تھا۔اجلاس میں جامعات اور صنعتوں کے درمیان تحقیقی تعاون کے فروغ، تحقیقی منصوبوں کی عملی افادیت، صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل میں جامعات کے تحقیقی اداروں کے کردار اور تحقیق کے نتائج کو صنعتی و تجارتی سطح پر بروئے کار لانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صنعتکاروں نے اپنے منصوبے پیش کیے جبکہ اوریکس کے نمائندوں نے جدید تحقیق کے حوالے سے کامیاب منصوبوں اور اقدامات سے شرکائ کو آگاہ کیا۔اس موقع پر مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ جامعات میں ہونے والی تحقیق کو معاشی اور صنعتی ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات اور کاروباری و صنعتی اداروں کے درمیان مضبوط اشتراک قائم کیا جائے تاکہ تحقیقی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے صنعتوں اور معیشت کو درپیش مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اصل تحقیق جامعات میں ہی انجام پاتی ہے جہاں پروفیسرز اور محققین کے پاس تحقیقی عمل کا واضح خاکہ موجود ہوتا ہے۔ صنعتیں اپنی مخصوص ضروریات کے مطابق تحقیقی منصوبوں کے لیے جامعات سے رجوع کرتی ہیں جس کے نتیجے میں صنعتوں اور جامعات کی مشترکہ کوششوں سے قابلِ عمل اور مفید نتائج حاصل کیے جاتے ہیں۔انہوں نے جامعات کے دفاتر برائے تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن (اوریکس) پر زور دیا کہ وہ صنعتوں کے لیے مفید اور عملی اہمیت کے حامل تحقیقی تصورات سامنے لائیں اور ان پر کام کو فروغ دیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں میں موجود ممکنہ تحقیقی مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے ان پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔مشیر تعلیم نے صوبے میں جنگلی زیتون کی پیوندکاری کے حوالے سے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لاکھوں جنگلی زیتون کے پودوں کی پیوندکاری کی گئی ہے اور آئندہ دو برسوں میں یہاں ہزاروں ٹن زیتون مارکیٹ میں دستیاب ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ممکنہ پیداوار سے استفادہ کرنے کے لیے خوردنی تیل اور غذائی مصنوعات سے وابستہ صنعتوں کو ابھی سے تیاری کرنی چاہیے جبکہ جامعات اس حوالے سے مؤثر اور مفید تحقیق میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے نیوٹراسیوٹیکل صنعت میں حلال مصنوعات کی عالمی طلب اور صوبے میں سافٹ جیلز کی تیاری کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ جامعات میں ہونے والی متعلقہ تحقیق سے استفادہ کریں۔ ڈاکٹر عامر عبداللہ نے اوریکس کے نمائندوں کی جانب سے جامعات اور صنعتوں کے مابین سالانہ مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی صنعتی تحقیق کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات کیے جاتے ہیں جہاں کاروباری رہنماؤں اور صنعتکاروں کو اکٹھا کرکے صنعتی مسائل کے تحقیقی حل تلاش کرنے پر کام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے امریکی ادارے “ڈارپا” کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے تحقیقی مسائل کو سامنے لانا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ ماہرین کو یکجا کرنا ایک مؤثر طریقہ کار ہے۔انہوں نے صوبے کی اسلحہ سازی کی صنعت میں جدید ایجادات، نئی مصنوعات اور جدید آلات و گیجٹس کی تیاری کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ جامعات کو اس شعبے سمیت دیگر صنعتی میدانوں میں تحقیق اور جدت کے نئے امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔مشیر تعلیم و سماجی بہبود نے جامعات کے ڈائریکٹرز اوریکس کو ہدایت کی کہ وہ جدید تحقیقی منصوبوں کی نشاندہی کریں اور انہیں صوبے کی موجودہ صنعتی ضروریات اور مستقبل کے ممکنہ تحقیقی شعبوں سے ہم آہنگ بنائیں تاکہ تحقیق کے نتائج کو عملی طور پر صنعتوں اور معیشت کی بہتری کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
