ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی اور کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے ہری پور ضمنی الیکشن 2025 کے سلسلے میں آج ہری پور کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنز اور کرٹس گراؤنڈ میں قائم ریٹرننگ پوائنٹ کا معائنہ کیا اور مجموعی سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی پی او ہری پور فرحان خان اور ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے اعلیٰ حکام کو امن و امان کی صورتحال اور الیکشن سکیورٹی پلان پر جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہری پور پولیس نے ضمنی الیکشن کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔دورے کے دوران ڈی آئی جی اور کمشنر ہزارہ نے مختلف پولنگ اسٹیشنز میں پریزائیڈنگ افسران سے ملاقات کی اور سکیورٹی سمیت انتخابی عمل سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ عوام کے لیے پرسکون اور محفوظ ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے۔تمام پولنگ اسٹیشنز پر ہائی الرٹ سکیورٹی برقرار رکھی جائے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔ڈی آئی جی ہزارہ اور کمشنر ہزارہ نے سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہری پور میں شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
