خیبر پختونخوا میں سموگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کا آغاز

خیبر پختونخوا میں موسمِ سرما میں سموگ کی روک تھام اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط لائحہ عمل کے لئے سیکرٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا جنید خان کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈشنل سیکرٹری اطلاعات حضرت علی سمیت دیگر محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سموگ ایکشن پلان پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فضائی آلودگی اور اس کے صحتِ عامہ اور ماحول پر مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فضائی معیار کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے، گاڑیوں اور صنعتوں سے نکلنے والے دھوئیں پر قابو پانے، کھلے مقامات پر کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے، ٹھوس کچرے کے بہتر انتظام اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں اطلاعات، صنعت، ٹرانسپورٹ، بلدیات، صحت، تعلیم، داخلہ، زراعت، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) سمیت مختلف محکموں کو الگ الگ ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اس ضمن میں محکمہ صنعت، بلدیات، ریلیف، ڈولپمنٹ اتھارٹیز، زراعت، لیبر، صحت اور تعلیم کو ایس او پیز کے تحت اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ محکمہ اطلاعات سموگ سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے جامع میڈیا حکمتِ عملی تیار کرے گی، جبکہ دیگر متعلقہ محکموں کو قوانین پر عمل درآمد، نگرانی اور آگاہی مہم تیز کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں سموگ کی روک تھام، ہوا کو صاف رکھنے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے مربوط، مؤثر اور مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید پڑھیں