فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کا سیکرٹری اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں زہریلا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور اور سخت کارروائی کا عمل جاری ہے۔ اس عمل کا مقصد ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لانا ہے۔منیجر ویٹس پشاور پیر زبیر کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے جاری اس خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کا باقاعدہ معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے بعد 10 ہزار گاڑیاں مقررہ معیار پر پورا اترنے کے باعث پاس، جبکہ 5 ہزار گاڑیاں ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث فیل قرار دی گئیں۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد کیسز میں گاڑیوں کے قانونی کاغذات بھی ضبط کیے گئے۔ موٹر وہیکل ایگزامینر (ایم وی ای) پشاور انضمام عالم کے مطابق خصوصی طور پر نجی سکولوں کی گاڑیوں کے اخراجی دھونئے کی جانچ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پشاور کے نجی سکولوں کے مالکان کو باقاعدہ وضاحت جاری کر دی گئی ہیں جن میں انہیں تین دن کے اندر اندر سکولوں کی تمام گاڑیوں کا دھواں اور ایم وی فٹنس چیک کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایم وی ای نے مزید بتایا کہ پشاور کے کئی نامور نجی سکولوں کے مالکان نے اپنی گاڑیوں کا دھواں چیک کروانے کے لیے چالان جمع کرا دیے ہیں، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ تاہم جن سکولوں یا گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے ہدایات پر عمل نہیں کیا جائے گا، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مینیجر ویٹس نے واضح کیا ہے کہ محکمہ کی طرف سے یہ مہم بلا تفریق جاری رہے گی اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی کسی بھی گاڑی کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت جانچ کروائیں اور صاف ماحول کے قیام میں حکومت کا ساتھ دیں۔
