خیبرپختونخوا 2027 تک 90 فیصد حفاظتی ٹیکہ جات کے ہدف کے حصول کی جانب کامیابی سے گامزن

خیبرپختونخوا حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کے مقررہ اہداف کے حصول کی جانب بتدریج کامیابی سے پیش رفت کر رہی ہے۔ فروری 2026 کے دوران صوبے میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) کے تحت 74 فیصد بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔حکام کے مطابق یہ پیش رفت صوبائی حکومت کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج مزید بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ای پی آئی پروگرام کا ہدف 2027 تک 90 فیصد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانا ہے تاکہ انہیں قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔مزید بتایا گیا کہ فروری کے دوران معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولیات تک رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور 81 فیصد آبادی تک رسائی حاصل کی گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔پروگرام کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں 830 نئے ویکسینیٹرز کی بھرتی اور تحصیل و ضلع سطح پر سپروائزرز کے کردار کو مستحکم کرنا شامل ہے تاکہ کارکردگی میں اضافہ ہو۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے، جس کے تحت باقاعدہ مانیٹرنگ، ہفتہ وار رپورٹنگ اور بہترین کارکردگی دکھانے والے عملے کیلئے مراعات متعارف کرائی گئی ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ بہتر نگرانی، فیلڈ میں سہولیات کی فراہمی اور جدید کارڈ سسٹم کے نفاذ سے ویکسینیٹرز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ نظام کو بہتر احتساب کے لئے کارکردگی سے مشروط کیا جا رہا ہے۔محکمہ صحت کے حکام
نے امید ظاہر کی ہے کہ مسلسل کوششوں اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے صوبہ 2027 تک حفاظتی ٹیکہ جات کا ہدف حاصل کر لے گا، جس سے بچوں کا مستقبل مزید محفوظ اور صحت مند ہوگا۔

مزید پڑھیں