خیبر پختونخوا کابینہ کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اور کمیٹی کے چیئر مین ارشد ایوب خان کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا،جس میں وزیرریلیف و آبادکاری عاقب اللہ خان،سیکر ٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد خالد،کمیٹی کے ممبران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پشاور پبلک سکول اینڈ کالج کے لئے قائم کردہ سب کمیٹی کی سفارشات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پشاور پبلک سکول اینڈکالج کے منفردمعیار کی بحالی کے لئے موثر اور سود مند اقدامات اٹھانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اسی طرح اجلاس میں پشاور پبلک سکول اینڈکالج میں اعلیٰ تعلیمی معیار اورادارے میں پڑھنے والے بچوں کی صحیح تربیت کے لئے دیگر امور کے ساتھ ساتھ نہم تا بارھویں جماعت تک تمام مضامین ماہر اساتذہ سے پڑھائے جانے کی بھی سفارشات پیش کی گئیں۔اجلاس میں ادارے کے ذہین اور قابل بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے فری تعلیمی سہولیات دینے کی بھی تجویز دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئر مین اورصوبا ئی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پشاور پبلک سکول اینڈ کالج میں سہولیات کی کمی کو پورا کرنے اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پشاور پبلک سکول اینڈ کالج جیسے تعلیمی ادارے کو فروغ تعلیم کے سلسلے میں تمام تر ممکنہ سہولیات کی فرا ہمی میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی تاکہ یہ ادارہ اپنا سابقہ معیار قائم رکھ سکے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے پر عوام کا اعتماد بحال رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کو ایک ماڈل کے طور پر ترقی دی جائے تاکہ اس میں زیادہ سے زیادہ بچے داخلہ لے سکیں۔
