ملاکنڈ میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ارشد ایوب خان نے ضلع ملاکنڈ میں تعلیمی نظام کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ حکام کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات ضلع ملاکنڈ میں تعلیمی مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ضلع ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی شکیل احمد اور پیر مسور غازی، تحصیل چیئرمین افضل حسین اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پروزیر تعلیم کو ضلع میں تعلیمی سہولیات، اساتذہ کی کمی، سکولوں کی حالتِ اور دیگر درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ملاکنڈ میں تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے، طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ وہاں کے طلباء کو علم کے حصول کے لیے اپنے علاقوں سے دور جانا نہ پڑے اور وہ اپنے علاقوں میں نزدیک معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔

مزید پڑھیں