
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیرتعلیم وسماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ سے آل پاکستان ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے کی جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعلیمی ترقی، اساتذہ کے سروس سے متعلق معاملات، ٹیچرز ٹینور سسٹم (TTS) کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کو درپیش مسائل اور شعبہ تعلیم سے وابستہ دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں ڈاکٹر عامر عتیق، پروفیسر ڈاکٹر کامران، شوکت خٹک، ڈاکٹر خورشید اور دیگر نمائندگان شامل تھے جنھوں نے مشیر تعلیم کو اپنی تنظیم کے زیر اہتمام مستقبل قریب میں منعقد ہونے والی پالیسی راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس مشاورتی نشست میں جامعات کے وائس چانسلرز، طلبہ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ دیگر تمام اہم اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔اس موقع پر مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے وفد کے شرکائ کی آرائ، تجاویز اور مسائل کو غور سے سنا اور قابل عمل تجاویز پر ممکنہ اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شعبہ تعلیم کی بہتری، جامعات کے استحکام اور تعلیمی نظام کے فروغ کے لیے حالیہ عرصے میں اٹھائے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔مشیر تعلیم نے کہا کہ جامعات کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے غیر ضروری اخراجات میں کمی، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور آمدن کے متبادل ذرائع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر آؤٹ آف دی باکس سوچ اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کو محض ڈگریاں جاری کرنے کے بجائے طلبہ کی عملی مہارتوں، روزگار کے مواقع اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے تعلیمی پروگرام متعارف کرانے چاہئیں تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کی ایمپلائبیلٹی میں اضافہ ہو۔سکول ایجوکیشن کے حوالے سے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بتایا کہ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں اس وقت تقریباً 45 ہزار اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے 7 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے، جبکہ مزید 7 ہزار اساتذہ کی بھرتی کے لیے متصلہ یونین کونسلز کے میرٹ کے حامل امیدواروں اور پھر متعلقہ یونین کونسلز کی دوسری میرٹ لسٹ کے تحت کم از کم مقررہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کو زیر غور لایا جائے گا۔اس مقصد کے حصول کیلئے پالیسی میں بھی بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔اس طرح 10 ہزار تدریسی آسامیوں کو فلیکسیبل ہائرنگ کے طریقہ کار کے تحت پُر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبل شفٹ سکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے بھی متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔مشیر تعلیم نے مزید بتایا کہ کالجوں کی آئی ٹی لیبارٹریوں کو سائنسی آلات اور جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے جبکہ سکولوں میں بھی ایسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے لیے نیا پانچ سالہ پلان تیار کیا جا رہا ہے جس میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے، تربیت اور تعلیمی معیار کی بہتری سے متعلق تمام اہم پہلوؤں کو شامل کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران وفد نے جامعات میں تقرریوں کے عمل میں اکیڈمک انٹیگریٹی اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے تجویز دی کہ شعبہ جات کے سربراہان کی تقرریوں کے حوالے سے پالیسی میں واضح ضابطہ کار شامل کیا جائے تاکہ تقرری کے بعد فیصلے سے رجوع کرنے یا تقرری واپس لینے کے معاملات میں غیر ضروری ابہام اور انتظامی بے یقینی پیدا نہ ہو۔وفد نے جامعات میں تدریس کے پیشے کو باقاعدہ سرٹیفکیشن کے نظام سے منسلک کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ اس پر مشیر تعلیم نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تجاویز اور متعلقہ سفارشات تحریری صورت میں پیش کرے تاکہ ان کا متعلقہ فورم پر جائزہ لے کر قابل عمل تجاویز کو آئندہ فیصلہ سازی کا حصہ بنایا جا سکے۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعات کے استحکام، اساتذہ کے پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آرائ اور تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔مشیر تعلیم سے پرائیویٹ ایجوکیشن نٹ ورک خیبرپختونخوا کے ایک الگ نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کی اور انکے ساتھ نجی شعبے کے تعلیمی اداروں سے متعلق امور اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وفد میں سلیم خان، احمد گل و دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر خیبرپختونخوا پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) کے منیجنگ ڈائریکٹر جاوید اقبال بھی موجود تھے۔وفد نے مشیر تعلیم کو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے شیڈول اور نتائج کے اجرائ میں فرق کے باعث طلبہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امتحانات اور نتائج کا اعلان پنجاب کے مقابلے میں تاخیر سے ہونے کے باعث طلبہ، بالخصوص سمر اور ونٹر زون کے طلبہ صوبے سے باہر پنجاب اور دیگر جامعات میں داخلوں کے مقررہ شیڈول سے بروقت استفادہ نہیں کر پاتے جس سے ان کے اعلیٰ تعلیم کے مواقع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس پر مشیر تعلیم نے سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کو ہدایت کی کہ اس مسئلے کا جائزہ لے کر اس کا قابل عمل حل نکالا جائے۔وفد کی جانب سے ٹیچر ٹریننگ اور نجی تعلیمی اداروں کی مالی معاونت کے حوالے سے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ممکنہ تعاون سے متعلق بھی تجاویز پیش کی گئیں جس پر مشیر تعلیم نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سفارشات اور تجاویز تحریری طور پر پیش کرے تاکہ ان کا جائزہ لے کر مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔مشیر تعلیم نے نجی شعبے کے حوالے کیے جانے والے سرکاری سکولوں کے حصول کے عمل میں نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو بھی بھرپور حصہ لینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے تحت خیبر بینک سے نجی تعلیمی اداروں کے لیے آسان شرائط پر سافٹ لون اسکیم متعارف کرانے کی گزارش کی گئی ہے تاکہ ادارے مالی معاونت حاصل کرکے اپنے تعلیمی اور کاروباری ڈھانچے کو مزید مستحکم بنا سکیں۔
مشیر تعلیم نے وفد کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ذریعے مناسب اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
