
ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیرِ صدارت بدھ کے روز ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 39واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم عنایت اللہ وسیم، منیجنگ ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم، ایڈیشنل سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم پیر محمد، بورڈ کے اراکین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ کے 38ویں اجلاس کے منٹس اور گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ فاؤنڈیشن کے انتظامی، مالی اور تعلیمی امور سے متعلق مختلف ایجنڈوں کے مسودات پر غور و خوض کیا گیا اور ضروری فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ضرورت کے مطابق فاؤنڈیشن کے تحت کمیونٹی اسکولوں کے قیام، ان اسکولوں میں مقامی سطح پر تدریسی سہولیات کی فراہمی کے لیے نظرثانی شدہ فریم ورک، غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ اور اس ضمن میں پالیسی فریم ورک سمیت متعلقہ مالی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گلبہار میں قائم گلوبل ورچوئل اسکول کے منصوبے کی کارکردگی اور فاؤنڈیشن کے کمیونٹی اسکولوں کی مجموعی صورتحال سے متعلق بھی بورڈ کو بریفنگ دی گئی۔ مزید برآں، فاؤنڈیشن کے افرادی وسائل سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔اس موقع پر ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ہدایت کی کہ آؤٹ سورسنگ کے لیے فاؤنڈیشن کے حوالے کیے گئے 82 ایسے اسکول، جو مختلف وجوہات کی بنا پر تاحال فعال نہیں ہو سکے، واپس محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حوالے کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ اور ان کے انتظام و انصرام سے متعلق مرتب کردہ پالیسی کو منظوری کے لیے ایڈوائزری کونسل کے سامنے پیش کرنے کے لیے ضروری کارروائی مکمل کی جائے۔ انہوں نے اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے مقصد سے آؤٹ سورسنگ کے دوسرے مرحلے میں شامل اسکولوں کی تجاویز بھی کونسل کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرنے کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے فاؤنڈیشن کے تحت انکلو سیو سکول کے منصوبے میں صوبے کے موزوں اضلاع میں مزید 15 سکول شامل کرنے کی ہدایت کی۔ ان میں سے 10 اسکول ٹوبیکو سیس کے فنڈز، جبکہ پانچ اسکول فاؤنڈیشن کے اپنے مالی وسائل سے قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ فاؤنڈیشن کی استعدادِ کار بڑھانے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو خوش آئند قرار دیا۔ممبر ایڈوائزری کونسل نے فاؤنڈیشن کی اہم آسامیوں پر پیشہ ورانہ قابلیت اور اعلیٰ مہارت کے حامل افراد کی بھرتی پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس عمل کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے بورڈ کی متعلقہ کمیٹی کو معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے اور اس کے بعد میرٹ اور ادارہ جاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں، ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم کی زیرِ صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے کمیٹی روم میں ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم عنایت اللہ وسیم، ایڈیشنل سیکریٹری پیر محمد اور ایبٹ آباد پبلک سکول کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سکول کے گزشتہ بورڈ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی جبکہ نئے بھرتی ہونے والے کنٹریکٹ ملازمین کے لیے متعارف کرائی جانے والی رضاکارانہ پنشن سکیم اور کنٹریکٹ ایمپلائمنٹ پالیسی 2026 کی منظوری دی گئی۔ممبر ایڈوائزری کونسل نے سکول انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی کہ مذکورہ سکول کی کل اراضی کتنی ہے اور انکے پاس قبضے میں کتنی اراضی موجود ہے۔ سکول کی کتنی ایسی اراضی ہے جو ادارے کے قبضے میں نہیں ہے تاکہ ایسی اراضی جو ان کے قبضے سے باہر ہے اس کیلئے ضلعی انتظامیہ سے کہا جائے کہ وہ اس کو واگزار کرائیں۔
