خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 ہری پور کا اچانک دورہ کیا

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 ہری پور کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر سکول کے پرنسپل ظفر عباسی اور وائس پرنسپل فواد حسین نے وزیر تعلیم کا پر جوش استقبال کیا اور انہیں ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ارشد ایوب خان نے ہائر سیکنڈری سیکشن، امتحانی ہال، آئی ٹی لیب اور فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور طلبہ سے نصابی علوم پر گفتگو کی۔ انہوں نے کلاس روم میں بطور طالب علم بیٹھ کر اساتذہ سے لیکچر بھی سنا اور اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو سراہا۔ صوبائی وزیر نے دورے کے دوران ادارے کے پرنسپل کی جانب سے پیش کردہ مسائل کے حل کی یقینی دہانی کراتے ہوئے سکول میں سولر سسٹم، آئی ٹی لیب، امتحانی ہال کی تزئین و آرائش اور نئی پوسٹوں کے مطالبات کی فوری منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکول بیسڈ فیسلیٹی کے تحت گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 ہری پور کو سنٹر آف ایکسیلینس کا درجہ دیا جا چکا ہے جہاں جدید سہولیات اور بہترین اساتذہ فراہم کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر تعلیمی اصلاحات کے ذریعے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 11 ارب روپے کی فنڈنگ سے 16 ہزار تدریسی آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی اور سکولوں میں نئے کلاس رومز اور آئی ٹی لیبز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ہزار اساتذہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیے جائیں گے جبکہ ریشنلائزیشن پالیسی پر عمل درآمد تیز کیا جا رہا ہے جبکہ تدریسی اور مینجمنٹ کیڈر کو علیحدہ کیا جا رہا ہے تاکہ اساتذہ سکولوں میں تدریسی فرائض انجام دیں اور محکمہ تعلیم سے سفارشی کلچر کا خاتمہ کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں