خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے خیبر پختونخوا کے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے چیئر مینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شعبہ تعلیم کے یکساں امتحانی طریقہ کار کی پالیسی تیار کریں او ر امتحانا ت میں نقل کے رجحان کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی اور بہتر حکمت عملی وضع کریں

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے خیبر پختونخوا کے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے چیئر مینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شعبہ تعلیم کے یکساں امتحانی طریقہ کار کی پالیسی تیار کریں او ر امتحانا ت میں نقل کے رجحان کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی اور بہتر حکمت عملی وضع کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آنے والے امتحانات میں صوبے کے تمام بورڈز طلبہ کے پیپر کی چیکنگ ای۔مارکنگ سسٹم کے تحت کروائیں۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں منعقدہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈ زآ ف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد،تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر خیبر پختونخوا کے تعلیمی بورڈز کے آئندہ امتحانات کے لئے سافٹ وئیر کی فراہمی،نقل کے خاتمے اورصوبے کے ہر ایک بورڈ کے کم از کم تین پیپر کی ای۔ مارکنگ کرانے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے اور امتحانات میں ڈیوٹیا ں سرانجام دینے کے لائحہ عمل طے کرنے کے فیصلے کئے گئے۔ اسی طرح امتحانی ہالز میں انسپکٹرز کی تعیناتی کے لئے جوائنٹ انسپکٹریٹ کے تحت امتحانی ہالز میں آزادانہ طور پر انسپکشن کرانے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈز انویجیلیٹر کی امتحانات میں نئے گریجویٹ سے ڈیوٹی لینے کے لئے اشتہار دیا جائے گا جبکہ مائیگریشن کے عمل پر پابندی ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈز کے چیئر مینوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ احسن طریقے سے امتحانات کے عمل کو شفاف انداز میں کامیابی سے مکمل کریں اور صوبے کے طلبہ کے لئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ تمام طلبہ کو یکساں طور پر مواقع فراہم ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ طلبہ امتحانات میں نمبروں کی دوڑ سے نکلیں جس کے لئے نئی ڈی ایم سی متعارف کروائی جا رہی ہے اور اسکے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیرنے بورڈز کے چیئر مینوں کو ہدایت کی کہ وہ شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے بہتر حکمت عملی اپنانے اور درپیش مسائل کے حل کرنے کے لئے باہمی مشاورتی اجلاسوں کا انعقاد کر یں تاکہ فروغ تعلیم کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔

مزید پڑھیں