خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے ضلع ایبٹ آباد میں کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں میں مبینہ غفلت کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے ضلع ایبٹ آباد میں کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں میں مبینہ غفلت کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں ڈسرکٹ ایجوکیشن آفس ایبٹ آباد کے لیٹی گیشن افسر سے بھی انکوائری کی جائے تاکہ صوبائی حکو مت کے عزم کے مطابق شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں نئی بھرتیوں کے لئے شفاف طریقہ کار وضع کر رہے ہیں جس کے تحت اب نئی بھرتیوں کا اختیار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسرکے پاس نہیں ہوگا اوروہ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو منظوری کے لئے سرف ریکامنڈیشن بھیج سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں ضلع ایبٹ آباد میں محکمہ تعلیم کے سکولوں سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی اورنذیر احمد عباسی، منیجنگ ڈائریکٹرایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم، ڈپٹی چیف پلاننگ آفیسر،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ایبٹ آباد سمیت دگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ضلع ایبٹ آباد میں بند سکولوں اور نئے تعمیر ہونے والے سکولوں کے لئے فنڈز کے اجراء، ایڈیشنل گرانٹ کو استعمال میں لانے، سکولوں کی اپ گریڈیشن اور اس میں فرنیچر کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبہ کو اولیت دے رہی ہے اور محکمہ تعلیم کے عدالت کے معاملات کو پیروی کرنے کے لئے ایک قانونی فورم بنایا جا رہا ہے جو ان کیسوں کو صحیح طور پر نمٹائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ ایبٹ آباد کے ضلع میں سکولوں کی تعمیرو مرمت اورسکولوں میں فرنیچرکی فراہمی کو یقینی بنایاجائے جبکہ فنڈزکی کمی کی وجہ سے کئی سالوں سے التوا کے شکار زیر تعمیر سکول جو مکمل نہ ہو سکے ان کے لئے محکمہ خزانہ سے فنڈز کی فرہمی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزید پڑھیں