خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے جمعرات کے روز پشاورپبلک سکول اینڈ کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں جاری اصلاحاتی و بحالی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی سرگرمیوں کو غیر ضروری تقریبات اور نمائشی سرگرمیوں پر فوقیت دی جائے اور ادارے کی تمام تر توجہ خالصتاً اکیڈمکس امور پر مرکوز ہونی چاہیے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر ادارے کے نئے تعینات ہونے والے پرنسپل کی کاوشوں اورسمارٹ سکول مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے مؤثر نفاذ کو سراہاتے ہوئے کہا کہ اس کی بددولت کم عرصہ میں ادارے کے انتظامی اور تعلیمی سرگرمیوں میں شفافیت اور بہتری آئی ہے۔ انہوں نے پشاورپبلک سکول اینڈ کالج کی ساکھ کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ایک جامع تعلیمی منصوبہ تیار کیا جائے اور گزشتہ سال کی اساتذہ کی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کی جائیں تاکہ کے۔پی۔آئی بنیاد پر ترقیاتی نظام متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے سکول کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں کے لیے فوری طور پر PC-1 جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی اصلاحات کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار کو اولین ترجیح دی جائے۔طلبہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے صوبائی وزیر نے ہاسٹل کی سہولیات میں مزید بہتری کی ہدایت کی۔
