خیبرپختونخوا کے سیکریٹری محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس کی زیر صدرات رواں مالی سال 2025-26 کے سات ماہ (جولائی تا جنوری) محصولات ریکوری اور مقررہ اہداف کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم خان، ڈائریکٹر ایڈمن شہریار قمر خٹک، متعلقہ ڈائریکٹرز، اور ضلعی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز موجود تھے۔اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز کو تمام ضلعی ایکسائز دفاتر کے مقررہ اہداف اور محصولات ریکوری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ محکمہ میں جاری مختلف انتظامی اور عوامی سہولیات کے ریفارمز پر پیش رفت سے بھی سیکریٹری ایکسائز کو آگاہ کیا گیا۔ سیکریٹری ایکسائز نے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے اور محصولات ریکوری کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انھوں نے اس موقع پر مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں بڑے ٹیکس نادھندان کے خلاف قانون کے مطابق خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے، ٹوکن ٹیکس نادہندہ گان اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں /موٹر سائیکلوں کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائے۔انھوں نے کہا کہ ریجنل ڈائریکٹرز ایکسائز اور ضلعی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز محکمہ کی کارکردگی اور محاصل ریکوری مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور کسی قسم شکایت کا موقع نہ دیا جائے۔سیکریٹری ایکسائز نے کہا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی اور ڈیوٹی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل لائی جائیگی۔
