خیبرپختونخوا کے وزیرِ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے ایکسائز انٹیلیجنس بیورو کے شہید سب انسپکٹر جمیل بابر خان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں اراکینِ صوبائی اسمبلی، سیکرٹری محکمہ ایکسائز خالد الیاس، پولیس اور ایکسائز کے اعلیٰ افسران، اہلکاروں اور علاقہ عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر سید فخر جہان نے شہید سب انسپکٹر جمیل بابر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا، ان کی جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہید جمیل بابر خان کی قربانی بہادری، فرض شناسی اور بے لوث عوامی خدمت کی ایک روشن مثال ہے، جو محکمہ ایکسائز فورس کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔واضح رہے کہ شہید سب انسپکٹر جمیل بابر خان ہشتنگری کے مقام پر فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور ایک سال سے زائد عرصے تک زیرِ علاج رہے تاہم دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے درجے پر فائز ہو گئے۔
