صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی ہدایات کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان، ملاکنڈ اور مردان میں محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے منشیات فروشوں، سمگلروں اور سہولت کاروں کے خلاف چار بڑی کارروائیاں کی گئیں۔ مختلف مقامات پر کی گئی ان کارروائیوں میں بھاری مقدار میں چرس اور آئس برآمد کی گئی جبکہ خاتون سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے گئے۔ اس ضمن میں محکمہ ایکسائز سے موصولہ اعدادوشمار کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکل آفیسر نصراللہ خٹک کی زیر نگرانی ایس ایچ او حزب اللہ خان نے ڈیرہ درابن روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 439 گرام چرس برآمد کرکے تین ملزمان گرفتار کیے۔ مقدمہ تھانہ ایکسائز ڈی آئی خان میں درج کرلیا گیا۔اسی طرح ڈی آئی خان ہی میں ای ٹی او فہیم نواز خان کی نگرانی میں انچارج انسپکٹر محمد الیاس نے جوائنٹ چیک پوسٹ امن میلہ پر کارروائی کے دوران گاڑی نمبر FDW 2233 سے 2000 گرام آئس برآمد کی۔ کاروائی میں ایک خاتون سمیت تین افراد گرفتار کرکے مقدمہ تھانہ ایکسائز میں درج کیا گیا۔اسی طرح ملاکنڈ میں سرکل آفیسر عاکف نواز خان کی نگرانی میں ایس ایچ او اذلان اسلم نے ملاکنڈ لیویز کی مدد سے شاہ حسین ولد خان بہادر کو گرفتار کیا جو 14 نومبر 2025 کو ایک چھاپے کے دوران ایکسائز کانسٹیبل کو زخمی کرکے فرار ہوگیا تھا۔مقدمہ نمبر 10/25 کے مطابق ملوث ملزم سے 261 گرام آئس برآمد ہوئی تھی۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے رشتہ دار سید نواب کا نام بھی بتایا۔ اس کے خلاف منشیات کے پانچ مقدمات درج ہیں۔مردان میں ایس ایچ او عماد خان نے لیڈی کانسٹیبل کی مدد سے خفیہ اطلاع پر مردان چارسدہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمگلر سے 500 گرام آئس برآمد کرلی۔ ملزمہ کو موقع پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا۔واضح رہے کہ محکمہ ایکسائز صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، سمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہےاور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
