خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی زیرصدارت جمعرات کے روز سول سیکریٹریٹ پشاور میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ کے فیصلوں اور دیگر اہم محکمانہ ٹاسکس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدلحلیم خان کے علاؤہ ایڈیشنل ڈی جی، ڈائریکٹرز و دیگر متعلقہ افسران اور بذریعہ زوم ریجنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹس کے امور سمیت ٹیکس محصولات کے معاملات، محکمہ کے متعدد قوانین پر غوروخوض کے علاؤہ منشیات کے روک تھام کے حوالے سے حکومتی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جاری اقدامات کا سیر حاصل جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر نے اجلاس میں متعلقہ شعبہ جات کو متعین ٹاسکس اور ذمہ داریوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوامی مفاد کیلئے محکمہ کی جانب سے گورننس کا نظام پائدار بنیادوں پر تیز کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ایکسائز صوبے میں محصولات کے استحکام، انسدادِ منشیات اور شفاف نظامِ کار کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ نئی نسل کو اس ناسور سے بچایا جا سکے۔
