خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کو بدھ کے روز محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ریجنل ڈویلپمنٹ سیکشن کے زیرِ اہتمام مشاورتی اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کو بدھ کے روز محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ریجنل ڈویلپمنٹ سیکشن کے زیرِ اہتمام مشاورتی اجلاس میں تمباکو ڈویلپمنٹ سیس کے تحت فنڈ کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کا انعقاد محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں مردان سے رکن صوبائی اسمبلی عبد السلام آفریدی،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سید عادل شاہ اور محکمہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو تمباکو سیس کے تحت مجوزہ منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات، ان کے اہم خدوخال اور ورک ایبل فارمیٹس سے آگاہ کیا گیا۔مشاورتی اجلاس کا مقصد تمباکو ڈویلپمنٹ سیس کے تحت شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت، رہنمائی اور تجاویز حاصل کرنا تھا تاکہ منصوبوں کو مقامی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ اور مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔صوبائی وزیر سید فخرجہان نے اس موقع پر کہا کہ تمباکو سے حاصل ہونے والے وسائل کو متعلقہ اضلاع کی پائیدار ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انھوں نے کہا کہ اس رقم سے بونیر و دیگر پیداواری علاقوں میں تعلیم، صحت اور علاقائی دیگر ضروری شعبوں میں عوامی ضروریات کے مطابق بہتر اثرات کے حامل منصوبوں پر فوکس رکھا جائے تاکہ اس کے ثمرات سے مقامی عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچے۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو ٹو بیکو ڈویلپمنٹ سیس کے مجوزہ پروگرام میں شامل اہم مدوں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ صوبائی وزیر نے اس سلسلے میں مفید تجاویز پیش کیں جنہیں حتمی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں